آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے میں چنئی کے میدان پر بھارت نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو 72 رنز سے شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جبکہ زمبابوے کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رواں ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مجموعہ اسکور کیا اور مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنا ڈالے۔
بھارتی بیٹرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا، جہاں ابھیشک نے 55، ایشان 38، سوریا 33 اور سنجو سیمسن نے 24 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
اختتامی اوورز میں ہاردیک پانڈیا نے صرف 23 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر اسکور کو پہاڑ بنا دیا جبکہ تلک ورما نے 16 گیندوں پر 44 رنز کی تیز رفتار اننگز سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا، موزاربانی، ماپوسا اور رچرڈ نگاراوا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
257 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 184 رنز تک محدود رہی۔ برائن بینٹ کی 97 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی ٹیم کو فتح کے قریب نہ لا سکی جبکہ کپتان سکندر رضا نے 31 اور مارومانی نے 20 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
اس نتیجے کے بعد گروپ کی صورتحال یکسر بدل گئی، بھارت کی جیت نے جنوبی افریقہ کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا جبکہ زمبابوے کی مہم سپر 8 مرحلے میں ہی ختم ہوگئی۔



















