موسم کی تبدیلی ٹائرکی حالت کو متاثر کرتی ہے اور گاڑی کو چلنے اور رکنے میں رکاوٹ کا سبب بنتی ہے، تاہم اب ایک ایسا ٹائر تیار کیا گیا ہے جو موسم کے لحاظ سے از خود ایڈجسٹ ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فن لینڈ کی معروف ٹائر بنانے والی کمپنی نوکیان ٹائر نے ایک حیرت انگیزٹائر تیارکیا ہے جس میں ایسے دھاتی بٹن (اسٹڈز) نصب ہیں جو کم درجہ حرارت پر خودکار طور پر باہر آ جاتے ہیں تاکہ برفیلی سڑکوں پر بہتر گرفت فراہم کرسکیں، اور درجہ حرارت بڑھنے پر دوبارہ ٹائر کے اندر جاکر اسے نارمل حالت میں لے آتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق Nokian Hakkapeliitta 10 نامی یہ ٹائر اپنی نوعیت کا پہلا ٹائر ہے جس میں یہ خصوصیت موجود ہے جبکہ اس انقلابی ٹائر کی بدولت اب موسم کے مطابق ٹائر تبدیل کرنے یا ٹائر چین استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
اس ٹائرسب سے خاص بات یہ ہے کہ اس میں نصب یہ اسٹڈزسڑک پر برف نہ ہونے کی صورت میں سڑک کو غیر ضروری نقصان نہیں پہنچاتے جبکہ ٹیکنالوجی سڑک کے گھساؤ میں 30 فیصد تک کمی اور برف پر گرفت میں 10 فیصد اضافہ فراہم کرتی ہے۔

اس ٹائرکی بناوٹ میں ایک خاص ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس کی وجہ سے اس کی اندرونی ساخت تین تہوں پر مشتمل ہے۔ سب سےاندرونی تہہ کم درجہ حرارت پر سخت ہوجاتی ہے اور اسٹڈ کو ٹائر کی سطح تک دھکیل دیتی ہے تاکہ وہ برف میں پیوست ہو کر بہتر گرفت دے سکے۔
زیادہ درجہ حرارت پر یہی تہہ نرم ہو جاتی ہے، جس سے اسٹڈ واپس اندر چلا جاتا ہے اور سڑک کے ساتھ ہموار رابطہ اور بہتر ہینڈلنگ فراہم کرتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اسٹڈز کے باہر آنے اور واپس جانے کی رفتار مختلف ماحولیاتی عوامل پر منحصر ہے، لیکن یہ عمل اتنا تیز ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران سڑک کی حالت بدلنے پر فوری طور پر مؤثر ہو جاتا ہے۔
یہ خصوصیات خاص طور پر ان افراد کے لیے مفید ہیں جو شدید سرد علاقوں میں گاڑی چلاتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ ٹائر 14 سے 22 انچ تک کے 124 مختلف سائز میں دستیاب ہونے کے سبب کاروں اور ایس یو ویز کے لیے موزوں ہوں گے، تاہم یہ ٹائر رواں برس کے آخر تک یورپ اور شمالی امریکہ میں دستیاب ہوگا۔




















