امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران چاہتا ہے آبنائے ہرمز کھلے تاکہ وہ 500 ملین ڈالر روزانہ کما سکے، یہی وہ رقم ہے جو آبنائے ہرمز بند ہونے کی وجہ سے ایرانی کھو رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں وال اسٹریٹ جرنل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اخبار اپنا راستہ کھو چکا ہے اور اب اسے پڑھنے کی ضرورت نہیں رہی۔
اپنے بیان میں انہوں نے ایران کے حوالے سے متعدد دعوے کیے اور کہا کہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ تقریباً ختم ہو چکی ہیں جبکہ اس کے ریڈار اور فضائی دفاعی نظام بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔ ایران کی جوہری تنصیبات، لیبارٹریز اور ذخیرہ گاہیں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔

قاسم سلیمانی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ پہلے ہی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ انہوں نے ماضی میں بم حملوں کے ذریعے بہت سے لوگوں کو نشانہ بنایا۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز بند ہے اور ایرانی بحری جہازوں کا کنٹرول ختم ہو چکا ہے جب کہ ایران کو ناکہ بندی کے باعث روزانہ تقریباً 500 ملین ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے سابق امریکی صدر باراک اوباما پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایران کو 1.7 بلین ڈالر نقد رقم فراہم کی اور یہ بھی الزام لگایا کہ ایران کو جوہری پروگرام کے لیے سینکڑوں ارب ڈالر دیے گئے۔
اپنے بیان کے اختتام پر ٹرمپ نے مزید کہا کہ دیگر امریکی صدور ایران کو مؤثر طریقے سے روکنے میں ناکام رہے جبکہ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹنگ حقیقت سے بھی زیادہ بڑھا چڑھا کر پیش کی گئی ہے۔




















