Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، ٹرمپ نے سی این این کی رپورٹ مسترد کردی

ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے سے متعلق سی این این کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق سخت اور واضح شرائط شامل ہیں، ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔

اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ بعض میڈیا رپورٹس میں یہ تاثر دیا گیا کہ مجوزہ معاہدے میں ایران کے جوہری پروگرام کا مناسب ذکر نہیں تاہم یہ دعویٰ درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاہدے میں واضح طور پر درج ہے کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جوہری پروگرام سے متعلق شقیں معاہدے کا بنیادی حصہ ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجوزہ معاہدہ جامع اور تفصیلی ہے جس میں ایران کے جوہری پروگرام، افزودہ یورینیم اور دیگر حساس معاملات سے متعلق مختلف نکات کا احاطہ کیا گیا ہے۔

امریکی صدر نے سی این این کی رپورٹنگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے “فیک نیوز” قرار دیا اور کہا کہ نشریاتی ادارہ حقائق کو مسخ کر کے پیش کر رہا ہے۔

انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آیا نئی انتظامیہ کے تحت سی این این اپنی ساکھ بحال کر سکے گا یا نہیں۔

متعلقہ خبریں