کراچی: صومالی بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے پاکستانیوں کی ایک ویڈیو سامنے آگئی ہے جس میں مغوی عملے کے رکن یاسر خان نے اپنی خراب صورتحال بیان کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔
ویڈیو پیغام میں جہاز ’’اونر 25‘‘ کے کریو ممبر یاسر خان نے کہا کہ وہ گزشتہ 42 روز سے اغوا کاروں کی قید میں ہیں اور جہاز پر کھانے پینے کا سامان مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قیدی عملہ پینے کے صاف پانی سے بھی محروم ہے اور ٹینک کا گندا پانی پینے پر مجبور ہے جب کہ تمام مغوی صرف چوبیس گھنٹوں میں ایک وقت ابلے ہوئے چاول کھارہے ہیں۔
مغوی کریو ممبر نے وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف سے اپیل کی کہ ان کی رہائی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ وہ بحفاظت اپنے گھروں کو واپس پہنچ سکیں۔
یاسر خان نے الزام عائد کیا کہ شپنگ کمپنی کے مالکان اور عملہ بھی ان کی مدد نہیں کررہے اور مسلسل ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے۔



















