Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کے کئی علاقے خطرے کی زد میں! این ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

کالام، چترال، داسو، پٹن اور دیگر پہاڑی علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بڑے حصوں میں خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے جس میں پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

الرٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، گوجر خان اور سیالکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسی طرح خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، مالاکنڈ، پشاور، مردان، نوشہرہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، نگر، دیامر، استور، شگر، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی اور بھمبر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ان بارشوں کے دوران بعض علاقوں میں ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا بھی خدشہ ہے جس سے کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

مزید خطرے کی صورتحال میں شمالی علاقہ جات میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان بھی شامل ہے جبکہ متعدد اہم شاہراہیں بند ہونے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

خاص طور پر قراقرم ہائی وے، ناران روڈ، جگلوٹ–سکردو روڈ، شگر ویلی روڈ اور دیوسائی روڈ کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

کالام، چترال، داسو، پٹن اور دیگر پہاڑی علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حساس علاقوں میں مکمل الرٹ رہیں جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے مسلسل آگاہ رہیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ استعمال کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔