Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہیلی کاپٹر مار گرانے کے بعد امریکا کے ایران پر فضائی حملے، کئی علاقے دھماکوں سے گونج اٹھے

جنوبی ایران کے مختلف علاقوں میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں

امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گرائے جانے کے واقعے کے بعد امریکا نے ایران کے خلاف عسکری کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جنوبی ایران کے مختلف علاقوں میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ کئی مقامات پر میزائل حملوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی فوج نے ایران کے جزائر قشم اور سیریک میں مخصوص اہداف کو نشانہ بنایا ہے،  یہ کارروائیاں امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملوں کا مقصد خطے میں امریکی مفادات اور اہلکاروں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسیوں نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ ہرمزگان کے مشرقی علاقوں، جزیرہ قشم اور سیریک میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ بندر عباس کے بعض علاقوں میں بھی دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے بھی خطے میں امریکی اہداف کے خلاف میزائل اور ڈرون کارروائیاں شروع کر دی ہیں تاہم  جنوبی علاقوں میں صورتحال قابو میں ہے اور سیکیورٹی ادارے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب گشت کرنے والے ایک امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا جبکہ ایران نے اس واقعے میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ تہران کا اس حملے سے کوئی تعلق نہیں۔

متعلقہ خبریں