ترجمان دفتر خارجہ نے طاہر حسین اندرابی کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے اور پاکستان تمام فریقین پر ضبط و تحمل اختیار کرنے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے زور دیتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا ہے کہ وزیر داخلہ نے اپنے دورہ تہران کے دوران اہم ملاقاتیں کیں جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیر خارجہ کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی کی پاسداری اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
کشمیر کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت غیر ذمہ دارانہ بیانات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع خطہ ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام سے حق خودارادیت کا وعدہ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کشمیر سے متعلق بھارتی بیانات کی نہ کوئی وقعت ہے اور نہ ہی کوئی جواز، جبکہ تنازع کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
ترجمان نے بتایا کہ صومالی قزاقوں نے ایک کارگو جہاز پر موجود پاکستانی شہریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے اور یہ پاکستانی شہری تقریباً 50 روز سے قید میں ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان مغوی پاکستانیوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے صومالیہ کی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہے جبکہ جہاز کے مالک کے ساتھ بھی قریبی رابطہ برقرار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنٹ لینڈ کے قبائلی رہنماؤں کے ساتھ بھی مشاورت جاری ہے تاکہ قزاقوں سے رابطے اور مغویوں کی رہائی کے امکانات کو تقویت دی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تمام عملے کے بہتر حالاتِ زندگی اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے صومالیہ کے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا، جنہوں نے مغویوں کی بحفاظت رہائی کے لیے مکمل تعاون اور یقین دہانی کرائی ہے۔
















