Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور آندھی کا خطرہ، الرٹ جاری

این ڈی ایم اے نے تیز ہواؤں اور آندھی کے خدشے کے پیش نظر 13 جون 2026 تک الرٹ جاری کردیا۔

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور آندھی کے خدشے کے پیش نظر 13 جون 2026 تک الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال پہلے سے جاری کیے گئے موسمی جائزوں اور پیشگی الرٹس کے مطابق ہے جب کہ مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران تیز آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اور پنجاب کے مختلف اضلاع راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں تیز آندھی اور گرد آلود ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں کل جھکڑ چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کے چترال، سوات، دیر، مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی مقامی نوعیت کی آندھی متوقع ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں 13 جون تک تیز ہواؤں اور گرد آلود آندھیوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جب کہ بعض علاقوں میں شدت زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

متاثرہ اضلاع میں کوئٹہ، ژوب، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، خضدار، گوادر اور لسبیلہ شامل ہیں۔ اسی طرح کوئٹہ، زیارت، چمن، سبی، ہرنائی، بارکھان، موسیٰ خیل اور سوراب میں بھی طوفانی ہواؤں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

سندھ

سندھ کے کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور دیگر اضلاع میں 11 سے 13 جون کے دوران آندھی اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ 11 جون کو جنوبی اور ساحلی علاقوں میں شدت بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

شہریوں کو ہدایت

این ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور گرد آلود طوفان کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے، معمولات زندگی میں خلل اور کمزور تعمیرات، درختوں، سائن بورڈز اور عارضی ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اس دوران بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ شہری چھتوں، سولر پینلز، پانی کے ٹینکوں اور دیگر کمزور اشیاء کو محفوظ بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم سے متعلق تازہ معلومات اور حفاظتی ہدایات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔