Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دو رنگوں والا نایاب سیب نیوزی لینڈ میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا

اس قسم کا نایاب سیب ہر دس لاکھ پھلوں میں سے ایک سے بھی کم پایا جاتا ہے

نیوزی لینڈ کے ایک پھل و سبزیوں کے اسٹور میں ملنے والا آدھا سرخ اور آدھا پیلا سیب لوگوں کی دلچسپی کا مرکز بن گیا جسے دیکھنے کے لیے شوقین افراد کی بڑی تعداد اسٹور کا رخ کر رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ غیر معمولی سیب مئی کے وسط میں اعلیٰ معیار کے سرخ سیبوں کی ایک کھیپ میں پایا گیا، جو نیوزی لینڈ کے شہر کرائس چرچ کے مضافاتی علاقے مائر یہاؤ میں واقع سن شائن کارنر مارکیٹ پہنچائی گئی تھی۔

 سیب کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا رنگ تقریباً بالکل درمیان سے دو حصوں میں تقسیم ہے جس کا ایک حصہ سرخ جبکہ دوسرا پیلا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس قسم کا نایاب سیب ہر دس لاکھ پھلوں میں سے ایک سے بھی کم پایا جاتا ہے۔ اس کی وجہ ایک غیر معمولی جینیاتی تبدیلی ہوتی ہے جس کے نتیجے میں پھل ایسے خلیات سے تشکیل پاتا ہے جو دو مختلف جینیاتی پس منظر رکھتے ہیں۔

اسٹور کی مالک مس ہیدر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہ سیب علاقے میں ایک مقامی ’’سلیبریٹی‘‘ بن چکا ہے۔ ان کے مطابق لوگ اسے دیکھنے کے بعد اپنے اہل خانہ اور دوستوں کو اس کے بارے میں بتاتے ہیں لیکن اکثر لوگ اس پر یقین نہیں کرتے جس کے بعد وہ دوبارہ آ کر خود اس نایاب سیب کا مشاہدہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متعدد افراد نے سیب کے ساتھ تصاویر بنوائیں جبکہ کچھ گاہک اسے خوش قسمتی کی علامت سمجھتے ہوئے کسی مقابلے میں شرکت سے قبل اسے چھونے کی خواہش کا اظہار بھی کرتے ہیں۔

مس ہیدر کا کہنا تھا کہ وہ کئی برسوں سے پھلوں کے کاروبار سے وابستہ ہیں تاہم انہوں نے اپنی زندگی میں پہلی بار ایسا دو رنگوں والا سیب دیکھا ہے۔ ان کے مطابق سیب کو ریفریجریٹر میں محفوظ رکھنے سے اس کی عمر میں اضافہ ہوا ہے لیکن اب جلد فیصلہ کرنا ہوگا کہ اسے مستقل طور پر محفوظ رکھا جائے یا پھر کاٹ کر اس کے اندرونی حصے کا جائزہ لیا جائے کہ وہ کیسا دکھائی دیتا ہے۔