عام طور پر گدھے کو بطور جانور ضد اور سستی کی علامت سمجھا جاتا ہے لیکن فرانس کے ایک نفسیاتی اسپتال میں یہی جانور ذہنی صحت کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہاں ڈپریشن، بے چینی اور ذہنی دباؤ کا شکار مریض دواؤں کے ساتھ ساتھ گدھوں کی رفاقت سے بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے نواح میں واقع ویل ایورارڈ اسپتال نے ذہنی صحت کے علاج کے لیے ایک منفرد پروگرام شروع کیا ہے جس میں مریضوں کو گدھوں کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ اس دوران وہ جانوروں کو سیر کرواتے ہیں، ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ایک جذباتی تعلق استوار کرتے ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق اس سرگرمی کا مقصد مریضوں کو قدرتی ماحول میں ذہنی سکون فراہم کرنا اور ان کی تنہائی و پریشانی کے احساس کو کم کرنا ہے۔ پروگرام میں شامل کئی مریضوں نے اعتراف کیا کہ گدھوں کے ساتھ وقت گزارنے سے ان کی ذہنی کیفیت میں واضح بہتری آئی ہے۔
60 سالہ مریضہ نیتھلی کا کہنا ہے کہ جب وہ اپنے گدھے کے ساتھ وقت گزارتی ہیں تو انہیں ایک عجیب سا سکون محسوس ہوتا ہے۔ ان کے بقول یہ تجربہ مجھے ذہنی طور پر ہلکا پھلکا کر دیتا ہے اور کچھ دیر کے لیے زندگی کی تمام فکریں پس منظر میں چلی جاتی ہیں۔
اس پروگرام سے وابستہ نرس آڈرے سیفار نے بتایا کہ نیتھلی کی حالت میں حیرت انگیز تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا شروع میں وہ جسمانی مشکلات کی وجہ سے وہیل چیئر سے باہر آنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتی تھیں لیکن اب وہ اعتماد کے ساتھ اپنے جانور کے قریب جاتی ہیں اور اس کے ساتھ کھڑی بھی ہوتی ہیں۔
اسی پروگرام کا حصہ بننے والے 52 سالہ جیروم کا کہنا ہے کہ گدھوں کے ساتھ تعلق نے ان کی تنہائی کا احساس کم کر دیا ہے۔ ان کے مطابق جانوروں کے ساتھ یہ رشتہ انہیں جذباتی سہارا فراہم کرتا ہے اور وہ خود کو پہلے سے زیادہ پُرسکون محسوس کرتے ہیں۔
فرانس کے سرکاری نظامِ صحت کے تحت مریضوں کو یہ سہولت مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ ہر مریض کو عموماً ایک مخصوص گدھے کے ساتھ جوڑا جاتا ہے تاکہ وقت کے ساتھ دونوں کے درمیان اعتماد اور مانوسیت پیدا ہو سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں جانوروں کی مدد سے علاج (Animal-Assisted Therapy) کا رجحان بڑھ رہا ہے تاہم گدھوں کو باقاعدہ نفسیاتی علاج کا حصہ بنانا ایک منفرد تجربہ ہے۔
یہی وجہ ہے کہ فرانس کا یہ پروگرام نہ صرف طبی حلقوں بلکہ عام لوگوں کی توجہ کا مرکز بھی بن گیا ہے جہاں ایک ایسا جانور جسے اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے، اب لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں واپس لانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔



















