اسلام آباد: قومی اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق آئندہ 8 سال کے دوران ملک میں مزید 16 آئی پی پیز لگانے کا پلان سامنے آیا ہے جن سے بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
اقتصادی سروے کے مطابق رواں مالی سال کے دوران 107 میگاواٹ صلاحیت کے 2 آئی پی پیز لگائے گئے جب کہ 2025 کے دوران 32 میگاواٹ کا بگاس پاور پلانٹ بھی مکمل کیا گیا۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ 2034 تک لگائے جانے والے آئی پی پیز کی مجموعی پیداواری صلاحیت 6 ہزار 536 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق 2028 میں 1 ہزار 520 میگاواٹ صلاحیت کے 4 آئی پی پیز لگائے جائیں گے جن میں 1 ہزار 320 میگاواٹ کا تھرکول منصوبہ جب کہ 100، 100 میگاواٹ کے سولر اور ونڈ پاور پلانٹس شامل ہوں گے۔
اسی طرح 2029 میں 382 میگاواٹ صلاحیت کے 2 آئی پی پیز لگانے کا منصوبہ ہے جب کہ 2033 میں 1 ہزار 340 میگاواٹ کا ایک بڑا پاور پلانٹ لگایا جائے گا۔
اقتصادی سروے کے مطابق 2034 میں 1 ہزار 124 میگاواٹ صلاحیت کا پن بجلی منصوبہ بھی شامل ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ازبکستان کے ساتھ سولر، ونڈ اور بیٹری اسٹوریج سے متعلق جی ٹو جی معاہدہ بھی طے پایا ہے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کا سولر پی وی پروجیکٹ مکمل کیا گیا ہے جسے توانائی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔


















