Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وفاقی حکومت کا قرضہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

ایک سال کے دوران وفاقی حکومت کے قرضوں میں 9.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا

کراچی: وفاقی حکومت کے مجموعی قرضے بڑھ کر 81.9 کھرب روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں جبکہ مجموعی سرکاری قرض تقریباً 82 کھرب روپے کے قریب جا پہنچا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایک سال کے دوران وفاقی حکومت کے قرضوں میں 9.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صرف ایک ماہ کے دوران وفاقی قرضے میں 1.7 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اس کے علاوہ اندرونی قرضوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یہ 19.6 فیصد بڑھ کر 58.1 کھرب روپے تک پہنچ گئے ہیں جبکہ قلیل مدتی قرضوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق قلیل مدتی قرضے ایک سال کے دوران 26.8 فیصد اضافے کے بعد 10.6 کھرب روپے تک پہنچ گئے ہیں جو حکومتی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے بڑھتے ہوئے قرض لینے کے رجحان کی نشاندہی کرتے ہیں۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتے قرضوں سے سودی ادائیگیوں کا بوجھ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ قرضوں میں اضافے کے اثرات آئندہ بجٹ پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

ماہرین کےمطابق قومی خزانے پر قرضوں کا دباؤ مسلسل بڑھنے لگا، قرضوں کی بلند سطح معاشی پالیسی سازوں کے لیے بڑا چیلنج بن گئی۔