مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان میں اپوزیشن میں بیٹھنے اور پیپلز پارٹی کو حکومت سازی میں حمایت کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے انتخابی نتائج سے متعلق اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ مسلم لیگ ن کے ارکان حکومت سازی کے عمل میں پیپلز پارٹی کی حمایت کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ مسلم لیگ ن کے منتخب اراکین پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے ووٹ دیں گے۔ مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی دعوت دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن حکومت سازی کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی حمایت کرتی ہے اور جمہوری روایات اور اقدار کو مقدم رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ عزت و احترام کا رشتہ برقرار رکھا ہے۔

















