ایرانی میڈیا نے ایران اور امریکا کے درمیان 14 شقوں پر مشتمل مجوزہ مفاہمتی یادداشت کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت 30 دن کے اندر امریکی بحری ناکہ بندی کے مکمل خاتمے کی تجویز دی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معاہدے پر دستخط کے بعد آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولنے کی شق بھی شامل ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق 24 ارب ڈالر کے منجمد فنڈز میں سے نصف رقم حتمی مذاکرات سے قبل جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مجوزہ یادداشت میں 60 روزہ مذاکراتی عمل کی تجویز بھی شامل ہے جس کے دوران فریقین مزید تفصیلات پر بات چیت کریں گے۔
دوسری جانب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی افواج کو جمعہ کے روز ایران پر عائد ناکہ بندی ختم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاہم یہ اقدامات معاہدے پر باضابطہ دستخط سے مشروط ہوں گے۔
ادھر سی این این کی رپورٹ کے مطابق تمام اقدامات حتمی دستخط اور دونوں فریقین کی باہمی منظوری سے ہی نافذ العمل ہوں گے۔



















