اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنگ کے بعد امن کا سورج طلوع ہو گیا اور ایران و امریکا نے تمام محاذوں پر جنگ کے مستقل خاتمے کا اعلان کردیا ہے، تاریخی معاہدے کی باضابطہ تقریب 19 جون کو جنیوا میں منعقد ہوگی جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دنیا نے امن کی طرف ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایوان کے تمام ارکان اور سیاسی رہنماؤں کو بھی اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایرانی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں کو بھی اس پیش رفت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ سفارت کاری اور مذاکراتی عمل کی بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور چین کے صدر شی جن پنگ سمیت دوست ممالک کے کردار کو بھی سراہا گیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ مشکل اور کٹھن حالات میں مذاکراتی ٹیم نے صبر، دانش اور استقامت کا مظاہرہ کیا جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امن کے قیام کے لیے اہم اور غیر معمولی کردار ادا کیا جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی کوششوں کو بھی قابلِ تعریف قرار دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کو ایوان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس عمل کے دوران پاکستان کی معیشت پر دباؤ ضرور آیا تاہم حکومت نے بروقت اقدامات کے ذریعے عوامی مشکلات کم کرنے کی کوشش کی، اس معاہدے کے بعد معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تاریخی لمحہ پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کے لیے باعثِ فخر ہے اور قومیں ایسے لمحات کے لیے صدیوں انتظار کرتی ہیں۔



















