اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان میں انشورنس کوریج بڑھانے اور مالی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق یہ فنڈز ”انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام“ کے تحت استعمال کیے جائیں گے جس کا مقصد انشورنس شعبے میں اصلاحات، نجی شعبے کی شمولیت میں اضافہ اور مجموعی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
بینک کے مطابق پاکستان میں انشورنس کا حجم مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کے صرف 0.7 فیصد کے برابر ہے جو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے مالی تحفظ کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے گا۔
اے ڈی بی نے کہا ہے کہ منصوبے کے تحت کسانوں، خواتین اور معاشرے کے کمزور طبقات کو بہتر مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا جبکہ قدرتی آفات اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے انشورنس نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ پروگرام کے تحت سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام کے استعمال سے انشورنس خدمات کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی جبکہ خواتین اور بچیوں کے لیے خصوصی انشورنس مصنوعات متعارف کرانے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اس اقدام سے آفات کے بعد مالی نقصانات میں کمی اور بحالی کے عمل میں تیزی آئے گی جبکہ دعوؤں کی ادائیگی کے نظام کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنایا جائے گا۔
اے ڈی بی کا مزید کہنا ہے کہ اصلاحات سے طویل المدتی بچتوں کو فروغ ملے گا جس سے انفرااسٹرکچر سرمایہ کاری، بانڈ مارکیٹ اور نجی پنشن مصنوعات کی ترقی میں مدد ملے گی۔ اس پروگرام کے نتیجے میں پاکستان کا انشورنس شعبہ بتدریج ایک جدید، مسابقتی اور مارکیٹ پر مبنی نظام کی طرف گامزن ہوگا۔



















