ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے مصنوعی ذہانت اے آئی سے لیس اپنے نئے اسمارٹ گلاسز متعارف کرا دیئے ہیں جن کی ابتدائی قیمت 299 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق نئے اسمارٹ گلاسز کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ آرام دہ، ہلکا اور روزمرہ استعمال کے لیے موزوں بنایا گیا ہے۔ یہ گلاسز تین مختلف ڈیزائنز، ایڈونچر، فیوری اور اسٹار فائر میں دستیاب ہوں گے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ نئے گلاسز میں وہی بنیادی خصوصیات شامل ہیں جو رے بین میٹا گلاسز میں موجود تھیں جن میں 12 میگا پکسل کیمرہ، بلٹ اِن اسپیکرز، 6 مائیکروفونز اور میٹا اے آئی اسسٹنٹ شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق نئے ماڈلز میں مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا گیا ہے جس کی بدولت صارفین قدرتی انداز میں گفتگو، متعدد زبانوں میں فوری ترجمہ اور تصاویر کے لیے ’’ڈائنامک فوٹو‘‘ جیسے جدید فیچرز سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
میٹا نے بتایا کہ صارفین کے آرام کو مدنظر رکھتے ہوئے گلاسز میں ایڈجسٹ ہونے والے ناک پیڈز، لچکدار فریم اور مختلف سائز متعارف کرائے گئے ہیں۔ بیٹری کے حوالے سے کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ گلاسز ایک مرتبہ چارج کرنے پر تقریباً آٹھ گھنٹے تک استعمال کیے جا سکتے ہیں جبکہ ان کے ساتھ فراہم کیا جانے والا چارجنگ کیس اضافی بیٹری بیک اپ بھی فراہم کرتا ہے۔
میٹا کے مطابق ان سمارٹ گلاسز کا مقصد مصنوعی ذہانت کو صارفین کی روزمرہ زندگی کا عملی حصہ بنانا ہے۔ کمپنی نے عندیہ دیا ہے کہ مستقبل میں ان گلاسز کے لیے وائس گائیڈڈ نیویگیشن (Voice-Guided Navigation) سمیت مزید جدید فیچرز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق میٹا کے نئے سمارٹ گلاسز ویئریبل ٹیکنالوجی کی مارکیٹ میں کمپنی کی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں




















