Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی فون 18 پرو میں بڑی کیمرہ اپ گریڈ، موبائل مارکیٹ میں ہلچل

آئی فون 18 سیریز کمپنی کی اب تک کی سب سے جدید اور طاقتور موبائل سیریز ثابت ہوسکتی ہے۔

ایپل کے آئندہ اسمارٹ فونز آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس میں کمپنی کی تاریخ کی سب سے بڑی کیمرہ اپ گریڈ متوقع ہے جس کے باعث ان ماڈلز کے کیمرہ حصے کو پہلے سے زیادہ موٹا اور بڑا بنایا جاسکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق معروف ٹیک تجزیہ کار مارک گورمن نے بتایا ہے کہ ان دونوں فونز میں کیمرہ ٹیکنالوجی کے حوالے سے بڑے پیمانے پر بہتری کی جائے گی جو اب تک کے تمام آئی فون ماڈلز سے زیادہ جدید ہوگی۔

ذرائع کے مطابق نئے ماڈلز میں پچھلے حصے پر کیمرہ ماڈیول کا سائز بڑھایا جاسکتا ہے تاہم فون کی مجموعی باڈی کا ڈیزائن آئی فون 17 پرو سیریز سے زیادہ مختلف نہیں ہوگا۔

ایپل کی جانب سے ان فونز کی ممکنہ رونمائی ستمبر میں متوقع ہے تاہم کمپنی نے ابھی تک باضابطہ اعلان نہیں کیا۔

کیمرہ میں بڑی تبدیلیاں

نئے فونز میں 48 میگا پکسل کا مرکزی کیمرہ شامل ہونے کا امکان ہے جس میں لینس کے ذریعے روشنی کے داخلے کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت بھی ہوگی۔

اس فیچر سے کم روشنی میں بہتر تصاویر، اوور ایکسپوژر میں کمی اور گہرائی والے فوٹو کنٹرول میں بہتری آئے گی۔

رپورٹس بتاتی ہیں کہ دونوں ماڈلز میں تین کیمروں کا نظام برقرار رہے گا جب کہ الٹرا وائیڈ کیمرہ کو مزید بہتر کیا جائے گا اور اس میں تصویری استحکام کی صلاحیت بھی بڑھائی جائے گی۔ ٹیلی فوٹو کیمرہ میں بھی بہتری متوقع ہے تاکہ کم روشنی میں بہتر کارکردگی حاصل ہوسکے۔

ڈیزائن میں اضافہ

لیک ہونے والی معلومات کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس کا کیمرہ حصہ پہلے سے زیادہ موٹا ہوسکتا ہے اور مجموعی موٹائی میں اضافہ کیمرہ ماڈیول کی وجہ سے ہوگا۔

اندازوں کے مطابق اس کا سب سے موٹا حصہ پچھلے ماڈل سے زیادہ ہوگا جب کہ بنیادی جسمانی ڈیزائن میں بڑی تبدیلی متوقع نہیں۔

ممکنہ قیمت میں اضافہ

رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ نئی میموری اور پرزہ جات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث آئی فون 18 پرو کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے تاہم بعض ماہرین کے مطابق ایپل قیمتوں کو موجودہ سطح کے قریب بھی رکھ سکتا ہے۔

ڈسپلے اور دیگر فیچرز

نئے ماڈلز میں جدید ڈسپلے ٹیکنالوجی کے استعمال کی توقع ہے جس سے اسکرین کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ اسکرین مختلف حالات کے مطابق اپنی رفتار خود تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھے گی جس سے بیٹری کی بچت بھی ممکن ہوگی۔

فون میں نیا پروسیسر، بہتر بیٹری، جدید نیٹ ورکنگ نظام اور زیادہ طاقتور چپ کے استعمال کی بھی توقع ہے جو مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے گا۔

رنگ اور پائیداری

رپورٹس کے مطابق ایپل نئی رنگوں کی آزمائش کررہا ہے جن میں گہرا سرمئی، گہرا سرخ، ہلکا نیلا اور چاندی شامل ہیں۔ ساتھ ہی فریم کے مٹیریل میں بہتری کی بھی توقع ہے تاکہ خراشوں اور رنگ پھیکا پڑنے کے مسائل کم کیے جاسکیں۔

ماہرین کے مطابق آئی فون 18 سیریز کمپنی کی اب تک کی سب سے جدید اور طاقتور موبائل سیریز ثابت ہوسکتی ہے تاہم حتمی تفصیلات اور قیمت کا اعلان باضابطہ رونمائی پر ہی سامنے آئے گا۔

متعلقہ خبریں