Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین کا نیوکلیئر کارگو شپ جو برسوں بغیر ایندھن کے چل سکے گا

تھوریم فیول کم دباؤ پر کام کرتا ہے اور اس میں سیلف ریگولیٹنگ خصوصیت موجود ہے

چین نے سمندری ٹرانسپورٹ کی دنیا میں ایک غیر معمولی پیش رفت کرتے ہوئے ایک ایسے نیوکلیئر پاورڈ کارگو شپ کے منصوبے کا اعلان کیا ہے جو طویل عرصے تک بغیر فیول بھرے مسلسل سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ منصوبہ  جیانگ نین شپنگ گروپ کی جانب سے تیار کیا جا رہا ہے اور اس میں تھوریم پر مبنی جدید مولٹن سالٹ ری ایکٹر ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے جو روایتی نیوکلیئر نظاموں کے مقابلے میں بالکل مختلف اور زیادہ جدید تصور کی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ بحری جہاز 14 ہزار کنٹینرز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں 200 میگاواٹ تھرمل پاور کا ری ایکٹر نصب ہوگا۔ اس نظام میں حرارت کو براہِ راست بجلی میں تبدیل کرنے کے لیے ایک جدید سپرکریٹیکل کاربن ڈائی آکسائیڈ سائیکل استعمال کیا جا رہا ہے جو روایتی ری ایکٹرز کے مقابلے میں زیادہ مؤثر توانائی پیدا کرتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس ٹیکنالوجی کی خاص بات اس کی اعلیٰ کارکردگی ہے جو 45 سے 50 فیصد تک توانائی کو بجلی میں تبدیل کر سکتی ہے جبکہ عام نیوکلیئر سسٹمز اس سے کم کارکردگی دکھاتے ہیں۔ اس سے جہاز کو طویل عرصے تک بغیر فیولنگ کے چلانے کی صلاحیت ملتی ہے۔

اس نظام کو نسبتاً محفوظ بھی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ تھوریم فیول کم دباؤ پر کام کرتا ہے اور اس میں سیلف ریگولیٹنگ خصوصیت موجود ہے جو درجہ حرارت بڑھنے پر خود بخود ری ایکشن کو سست کر دیتی ہے۔ اس کے علاوہ ہنگامی صورتحال میں فیول مائع حالت میں نیچے محفوظ ٹینکوں میں منتقل ہو کر جم جاتا ہے، جس سے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔

چین کے مطابق یہ منصوبہ اس کی طویل المدتی توانائی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد بیرونی توانائی پر انحصار کم کرنا اور بحری و صنعتی شعبے میں کاربن اخراج میں کمی لانا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس کے علاوہ بھی چین نیوکلیئر ٹیکنالوجی پر مبنی دیگر بڑے منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں آئل ٹینکرز اور فلوٹنگ پاور پلانٹس شامل ہیں جو مستقبل میں عالمی شپنگ انڈسٹری کا رخ بدل سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں