دنیا بھر میں بے حد مقبول ویڈیو گیم ’’جی ٹی اے 6‘‘ کی پیشگی خریداری کا اعلان ہوتے ہی دھوکا دہی کی نئی کوششیں بھی سامنے آگئی ہیں۔
ماہرین نے جی ٹی اے 6 کے شائقین کو خبردار کیا ہے کہ بعض جعلی ویب سائٹس گیم تک قبل از وقت رسائی کا جھانسہ دے کر رقم بٹور رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق متعدد جعلی ویب سائٹس یہ دعویٰ کررہی ہیں کہ صارفین مخصوص رقم ادا کرکے گیم تک خصوصی اور قبل از وقت رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ ان ویب سائٹس پر لوگوں سے ڈیجیٹل کرنسی کے ذریعے ادائیگی کرنے اور مخصوص کوڈ درج کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
سائبر سیکیورٹی کے ماہرین کہتے ہیں کہ گیم بنانے والی کمپنی کی جانب سے ایسی کسی سہولت کا اعلان نہیں کیا گیا لہٰذا قبل از وقت رسائی یا خصوصی پیش گی خریداری کے تمام غیر سرکاری دعوے مشکوک اور دھوکا دہی پر مبنی ہیں۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ چونکہ ادائیگی ڈیجیٹل کرنسی کے ذریعے لی جارہی ہے، اس لیے رقم منتقل ہونے کے بعد اسے واپس حاصل کرنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔ اس کے باوجود متاثرہ افراد کو گیم تک رسائی بھی نہیں ملتی۔
ان کے مطابق دھوکا دہی کرنے والے افراد عوام کے جوش و خروش اور بے صبری سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ چونکہ اس مقبول گیم کے نئے حصے کا شائقین طویل عرصے سے انتظار کر رہے ہیں، اس لیے فراڈ کرنے والوں کے لیے لوگوں کو نشانہ بنانا نسبتاً آسان ہوگیا ہے۔
ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف گیم بنانے والی کمپنی کے سرکاری اعلانات پر اعتماد کریں، غیر معروف روابط پر کلک کرنے سے گریز کریں اور اپنے گیم اکاؤنٹس کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنائیں۔
واضح رہے کہ گیم کی باضابطہ نمائش 19 نومبر 2026 کو متوقع ہے جب کہ پیشگی خریداری صرف کمپنی کے منظور شدہ ذرائع کے ذریعے ہی کی جاسکے گی۔




















