ناروے کے اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے ایک بار پھر اپنی غیرمعمولی گول اسکورنگ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول کیے، جس کی بدولت ناروے نے برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں اگرچہ ہالینڈ پورے میچ کے دوران زیادہ متحرک نظر نہیں آئے اور انہیں باکس کے اندر صرف چار بار گیند چھونے کا موقع ملا، تاہم انہوں نے انہی لمحات کو فیصلہ کن بنا دیا۔
میچ کے 79ویں منٹ میں ہالینڈ نے شاندار گول کرکے ناروے کو برتری دلائی جبکہ انجری ٹائم میں باکس سے باہر سے لگائی گئی ان کی طاقتور اور نپی تلی شاٹ نے برازیل کی واپسی کی تمام امیدیں ختم کر دیں۔
اس شاندار کارکردگی کے بعد 25 سالہ ایرلنگ ہالینڈ ورلڈ کپ میں سات گولز کے ساتھ فرانس کے کیلیان ایمباپے اور ارجنٹائن کے لیونل میسی کے برابر گولڈن بوٹ کی دوڑ میں مشترکہ طور پر سرفہرست آ گئے ہیں۔
سابق اسکاٹ لینڈ ونگر پیٹ نیون نے ہالینڈ کے فاتحانہ گول کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کوئی موقع ہی موجود نہیں تھا لیکن ہالینڈ نے اسے گول میں بدل دیا، ایسا ہر کھلاڑی نہیں کر سکتا۔
سابق انگلش اسٹرائیکر ایان رائٹ نے بھی ہالینڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ان کے کم ٹچز پر بات کرتے ہیں، لیکن انہیں زیادہ مواقع کی ضرورت ہی نہیں ہوتی۔
یہ فتح ناروے کے لیے تاریخی حیثیت رکھتی ہے، کیونکہ ٹیم 1998 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ میں شریک ہوئی ہے اور اب پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔
ناروے اب سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے انگلینڈ کا سامنا کرے گا جس نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں میکسیکو کو 2-3 سے شکست دے کر آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنائی۔
سابق انگلش کپتان وین رونی کا کہنا تھا کہ ایرلنگ ہالینڈ نے پوری ناروے کی قوم کو یقین دلا دیا ہے کہ وہ اس ورلڈ کپ میں بہت آگے جا سکتی ہے۔



















