کراچی میں پولیو وائرس کے خلاف خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جو 6 سے 12 جولائی تک جاری رہے گی۔
محکمہ صحت کے مطابق مہم کے دوران شہر بھر میں پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے کراچی کے تمام اضلاع میں پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین فراہم کریں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے باعث یہ خصوصی مہم شروع کی گئی ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔
والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو لازمی پولیو کے قطرے پلوائیں کیونکہ پولیو سے مستقل تحفظ کے لیے ہر انسدادِ پولیو مہم میں بچوں کو ویکسین پلانا انتہائی ضروری ہے۔
محکمہ صحت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے جبکہ پولیو سے بچاؤ کا واحد مؤثر طریقہ بچوں کو بار بار پولیو ویکسین پلوانا ہے۔




















