Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ولیکا اسپتال کی غفلت سے ایک اور بچے میں ایچ آئی وی کی تصدیق، تعداد 108 ہوگئی

پٹھان کالونی میں اب تک 108 بچے ایچ آئی وی سے متاثر ہو چکے ہیں

کراچی کے سائٹ ولیکا اسپتال میں زیر علاج رہنے والے ایک اور بچے میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہوگئی، اسی اسپتال میں نوماہ کے دوران ایک ہی محلہ کے ایچ آئی سے متاثرہ بچوں کی تعداد 108 ہوگئی ہے۔

کراچی کے علاقے گولیمار کے رہائشی 9 سالہ بچے عالیان میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ متاثرہ بچے کے والدین نے بتایا کہ لیبارٹری میں ٹیسٹ مثبت آیا ہے بچے کا گزشتہ سال علاج ولیکا اسپتال میں ہوا تھا جہاں وہ تقریباً 20 دن داخل رہا اسی دوران دوسرے بستروں پر زیر علاج بچوں میں بھی ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی ہے جس کی اطلاع موصول ہوتے ہی ہم اسپتال آئے اور ہمارا خدشہ درست ثابت ہوا۔

والدہ کے مطابق اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد بچے کی طبیعت مسلسل خراب رہنے لگی تھی متاثرہ بچے کے اہل خانہ نے ولیکا اسپتال کے ڈاکٹروں پر مبینہ غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غلطی کی وجہ سے ان کا معصوم بچہ اس مرض میں مبتلا ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ پٹھان کالونی میں اب تک 108 بچے ایچ آئی وی سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ پٹھان کالونی میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کی اموات 9 تک پہنچ چکی ہے۔