واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج ہر قسم کی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے جب کہ ایران کی جانب سے مبینہ حملے کی دھمکیوں کے جواب میں ہزاروں میزائل فوری استعمال کے لیے تیار رکھے گئے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی ایک سال تک جاری رہ سکتی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ایران کے تمام علاقوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا جائے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری میں ہے اور ایک ہزار سے زائد میزائل پہلے ہی نشانے پر رکھے جاچکے ہیں جو ضرورت پڑنے پر فوری طور پر استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی جانب سے مبینہ حملے کی دھمکیوں کے بعد امریکا نے اپنی عسکری تیاریوں میں مزید اضافہ کردیا ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر حالات نے تقاضا کیا تو ایران کے خلاف وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی کی جائے گی جو ایک طویل عرصے تک جاری رہ سکتی ہے جب کہ امریکی مفادات اور اتحادیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔




















