Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹیلی کام صارفین کا ڈیٹا غیرقانونی طور پر فروخت ہونے کا انکشاف

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے موبائل فونز کے فرانزک تجزیے میں واٹس ایپ کے ذریعے خفیہ ٹیلی کام ڈیٹا کی غیرقانونی خرید و فروخت کے شواہد سامنے آئے ہیں

ٹیلی کام صارفین کا خفیہ ڈیٹا غیرقانونی طور پر فروخت کرنے والے گروہ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیاجس دوران پی ٹی اے کی شکایت پر تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جن کے قبضہ سے کال ریکارڈ اور لوکیشن سمیت حساس معلومات کی غیرقانونی خرید و فروخت کے شواہد سامنے آ گئے ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے پانچ موبائل فون، آٹھ بائیومیٹرک ویریفیکیشن ڈیوائسز اور 43 مشتبہ سمز برآمد کی گئیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ضبط کیے گئے موبائل فونز کے فرانزک تجزیے میں واٹس ایپ کے ذریعے خفیہ ٹیلی کام ڈیٹا کی غیرقانونی خرید و فروخت کے شواہد سامنے آئے ہیں ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان کال ڈیٹیل ریکارڈ ، آئی ایم ای آئی نمبرز، سبسکرائبر معلومات اور لوکیشن ڈیٹا غیرقانونی طور پر فروخت کر رہے تھے۔

ادارے کے مطابق برآمد کیے گئے ریکارڈ میں شہریوں کے فنگر پرنٹس، شناختی کارڈ کی معلومات اور مالی لین دین سے متعلق شواہد بھی شامل ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ اس غیرقانونی نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی تلاش کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پی ٹی اے نے کہا ہے کہ صارفین کے ذاتی اور خفیہ ٹیلی کام ڈیٹا کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ حساس معلومات کی غیرقانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ادارے کے مطابق پی ٹی اے اور این سی سی آئی اے سائبر جرائم اور ڈیٹا لیکس کی روک تھام کے لیے باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ جدید فرانزک تجزیے کے ذریعے غیرقانونی سرگرمیوں کے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں