Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے گفتگو؛ یمنی حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت

دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو خوشگوار ماحول میں ہوئی

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکروں پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو خوشگوار ماحول میں ہوئی جس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ایسے اقدامات قطعی ناقابلِ قبول ہیں اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایسے اقدامات جہاز رانی اور تجارتی نقل و حمل کی آزادی کے لیے خطرہ ہیں اور علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

انہوں نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور کہا کہ میں خود، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور مملکت کے برادر عوام کے ساتھ مضبوطی اور عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر اعظم نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا اور کہا کہ پاکستان امن، سلامتی، استحکام، بحیرہء احمر، آبنائے ہرمز اور وسیع تر خطے میں قانونی سمندری تجارت کی بلاتعطل روانی کے لیے مملکت اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

دوسری جانب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو سراہا۔

آخر میں وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں