Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیر اعظم نے مصنوعی ذہانت سے لیس پی ایم آفس سسٹم کا افتتاح کر دیا

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں اپنایا, وزیراعظم

وزیراعظم نے انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹم ایکسپو 2026 سے خطاب کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس پی ایم آفس سسٹم کا افتتاح کر دیا جبکہ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ نے اسے پاکستان میں گورننس کے نظام میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ اے آئی سے لیس پی ایم آفس سسٹم حکومتی گورننس کے نظام کو مکمل طور پر تبدیل کر دے گا۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل تبدیلی پائیدار معاشی ترقی کا بنیادی ستون ہے اور آج پاکستان ایک فیصلہ کن مرحلے پر کھڑا ہے جہاں جدید ٹیکنالوجی مستقبل کی سمت کا تعین کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج روبوٹس صرف فیکٹریوں تک محدود نہیں رہے بلکہ ہر شعبے میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مستقبل میں روبوٹکس اور مصنوعی ذہانت کی مکمل ویلیو چینز کا مالکانہ حق حاصل کرے گا، جبکہ وزیراعظم کی قیادت میں ڈیجیٹل پاکستان کا وژن واضح سمت اختیار کر چکا ہے۔

شزا فاطمہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی ہی پیداواری صلاحیت کا اصل محرک ہے اور انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹم ایکسپو 2026 میں شرکا کا خیرمقدم کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور آج ٹیکنالوجی کی ایک نئی دنیا ہمارے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بچپن میں ٹیکنالوجی کی جدت بلیک اینڈ وائٹ ٹیلی ویژن کی آمد تھی، لیکن آج مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور خودکار نظام دنیا کا مستقبل بن چکے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں اپنایا جبکہ معرکۂ حق کے دوران آٹونومس سسٹمز اور سائبر سیکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا کامیاب دفاع کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی سربراہی میں ایئر چیف اور نیول چیف کی معاونت شاندار رہی اور سلامتی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کر چکا ہے، جبکہ رواں سال کے آغاز میں انڈس اے آئی سمٹ کی کامیاب میزبانی بھی کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ روبوٹکس، ڈرون ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نہ صرف معیشت کو مضبوط بنائیں گے بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی کو بھی آسان بنائیں گے۔

وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹم ایکسپو 2026 اور حکومت کے یہ اقدامات پاکستان کو جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا کے صفِ اول کے ممالک میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ خبریں