راولپنڈی: بلوچستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشنز جاری ہیں جن کے دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع سوراب اور مستونگ میں متعدد انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کیے جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع سوراب میں کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ضلع مستونگ میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے “فتنہ الہندستان” سے تعلق رکھنے والے 3 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 2 خاتون خودکش حملہ آوروں اور ان کے ایک سہولت کار کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا تاہم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے سوراب اور مستونگ میں سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز وژن عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی۔



















