پاکستان نے یمنی حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کو دی جانے والی دھمکیوں اور حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سخت مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت اور اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کے اعلانات اور دھمکیاں عالمی قانون اور بحری اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہیں، جو علاقائی امن اور عالمی تجارت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے، بالخصوص تنازع میں سعودی عرب کو گھسیٹنے کی کوششیں تشویشناک ہیں۔ پاکستان نے تمام فریقوں پر ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ایران کے وزیر داخلہ نے حال ہی میں وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آسیان ریجنل فورم کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعاون اور علاقائی امور پر گفتگو ہوئی۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے حال ہی میں پاکستان کا اہم دورہ کیا، جس کے دوران پاکستانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

















