Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بہتر صحت کے لیے مؤثر غذائی سپلیمنٹس کون سے ہیں؟ ماہرین نے بتادیا

دنیا بھر میں غذائی سپلیمنٹس کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے لیکن یہ متوازن غذا کا متبادل نہیں

طبی ماہرین نے بہتر صحت کے لیے چھ ایسے غذائی سپلیمنٹس کی نشاندہی کی ہے جو مخصوص حالات میں انسانی صحت کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ سپلیمنٹس کا استعمال صرف ضرورت، مناسب تشخیص اور ڈاکٹر کے مشورے سے ہی کیا جانا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں غذائی سپلیمنٹس کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے لیکن یہ متوازن غذا کا متبادل نہیں بلکہ جسم میں ضروری غذائی اجزاء کی کمی پوری کرنے کا ایک ذریعہ ہیں۔

میگنیشیم

ماہرین نے بتایا کہ میگنیشیم بہتر نیند، قبض، سر درد اور بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ میگنیشیم گلائسینیٹ اور سائٹریٹ جسم میں دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہ مؤثر طریقے سے جذب ہوتے ہیں۔

وٹامن بی 12

اسی طرح وٹامن بی 12 سبزی خور افراد، عمر رسیدہ لوگوں اور میٹفارمن یا معدے کی تیزابیت کم کرنے والی ادویات استعمال کرنے والوں کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے، کیونکہ اس کی کمی اعصابی نظام اور خون کے خلیات کی صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔

وٹامن ڈی

ماہرین کے مطابق وٹامن ڈی ہڈیوں، پٹھوں اور مدافعتی نظام کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جبکہ سورج کی روشنی کی کمی یا دیگر طبی وجوہات کے باعث بہت سے افراد اس وٹامن کی کمی کا شکار ہو سکتے ہیں۔

اومیگا تھری

رپورٹ کے مطابق اومیگا تھری ان افراد کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے جو اپنی غذا میں چکنائی والی مچھلی کم استعمال کرتے ہیں، کیونکہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ خون میں بعض نقصان دہ چکنائیوں کی سطح کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

کریئیٹین مونوہائیڈریٹ

کریئیٹین مونوہائیڈریٹ کو ورزش کرنے والے افراد اور کھلاڑیوں کے لیے ایک مؤثر سپلیمنٹ قرار دیا گیا ہے جو مناسب ورزش کے ساتھ جسمانی طاقت اور کارکردگی بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

اسپغول

ماہرین نے اسپغول کے چھلکے  کو بھی قبض سے نجات، آنتوں کی بہتر صحت اور مضر کولیسٹرول میں کمی کے لیے مفید قرار دیا، تاہم اس کے مناسب مقدار میں استعمال پر زور دیا گیا۔

طبی ماہرین نے خبردار کیا کہ کسی بھی سپلیمنٹ کا استعمال خود سے شروع کرنے کے بجائے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ضروری ہے، کیونکہ ہر فرد کی غذائی اور طبی ضروریات مختلف ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور صحت مند طرزِ زندگی اب بھی اچھی صحت کی بنیاد ہیں۔

متعلقہ خبریں