Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک، خواتین خودکش بمبار بھی گرفتار

آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس سرگرمیاں بدستور جاری ہیں، سیکورٹی فورسز

بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں بروقت اور مؤثر آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے اس آپریشن میں گرفتار ہونے والوں میں ایک سہولت کار کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا، جبکہ ان کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس سرگرمیاں بدستور جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز پورے علاقے کی کڑی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ دہشت گردوں کے کسی بھی ممکنہ فرار یا دوبارہ منظم ہونے کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں حالیہ دنوں میں دہشت گردوں کی مذموم کارروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں نمایاں تیزی لائی ہے جس کے نتیجے میں دہشت گرد نیٹ ورکس کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان سمیت پورے خطے میں امن و امان کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

متعلقہ خبریں