راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے مشترکہ پولیس چوکی پر حملہ کیا تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنادیا اور 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ حملے کے دوران 15 اہلکار بھی شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب ضلع ٹانک میں واقع ایک مشترکہ پولیس چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا اور چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے برق رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنادیے اور بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے 13 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ناکامی کے بعد دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے سے چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا۔
بیان کے مطابق حملے میں 15 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا جن میں 12 فوجی، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار شامل ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے جب کہ وطن کے دفاع میں بہادر جوانوں کی عظیم قربانیاں ملک کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

















