راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں 20 یں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے کی ترقی کے لیے قومی اتحاد اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
پاک فوج کے بعشہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں 20 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی اور ان سے خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور عوام کی مشترکہ کاوشوں سے بلوچستان میں پائیدار امن قائم ہوگا۔ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی جب کہ پاکستان دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔
فیلڈ مارشل کہتے ہیں کہ غیرملکی سرپرستی میں سرگرم عناصر بلوچستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں تاہم دشمن کے مذموم عزائم مسلح افواج اور عوام کے اتحاد سے ناکام بنائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر اور قیمتی قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے جب کہ بلوچستان کے عوام صوبے کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی ترقیاتی منصوبے بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ہیں جب کہ یہ ترقیاتی اقدامات بلوچستان کے سماجی و معاشی منظرنامے کو بدلنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے جامع اور عوام مرکوز حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔ قومی یکجہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، میڈیا، جامعات اور نوجوانوں کا کردار قابلِ تحسین ہے اور یہ تمام طبقات قومی یکجہتی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ بلوچستان میں دیرپا امن اور خوشحالی کے لیے تمام طبقات کا کردار اہم ہے جب کہ ملک کے مستقبل کی سمت متعین کرنے کے لیے قومی اتحاد اور ثابت قدمی ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 20 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔


















