اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس دوران وزیراعظم نے بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ناقابل قبول اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس نوعیت کی کارروائیاں جہازرانی اور تجارتی نقل و حمل کی آزادی کے لیے خطرہ ہیں جب کہ حوثیوں کے حملے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

















