Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ و بلوچستان پولیس کا انٹیلی جنس شیئرنگ اور باہمی تعاون مزید مؤثر بنانے پر اتفاق

دونوں صوبوں کے انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس پر کیمرا نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ۔

کراچی: سندھ اور بلوچستان پولیس میں سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جب کہ انٹیلی جنس شیئرنگ مزید مؤثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی زیرِ قیادت سندھ اور بلوچستان پولیس کے اعلیٰ حکام کے درمیان اہم کوآرڈینیشن اجلاس منعقد ہوا جس میں امن و امان، سیکیورٹی صورتحال اور بین الصوبائی تعاون کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں سندھ اور بلوچستان پولیس نے انٹیلی جنس شیئرنگ، مشترکہ کارروائیوں اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جب کہ جرائم پیشہ عناصر کی ممکنہ نقل و حرکت روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔

اجلاس کے دوران دونوں صوبوں کے انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس پر کیمرا نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر مؤثر نظر رکھی جاسکے۔

شرکا نے سندھ اور بلوچستان کی اسپیشل برانچز کے درمیان معلومات کے تبادلے اور باہمی تعاون کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا جب کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) سندھ اور سی ٹی ڈی بلوچستان کے درمیان رابطوں اور مشترکہ کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں سندھ پولیس نے بلوچستان پولیس کو استعداد کار میں اضافے کے لیے مکمل تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے تربیتی سہولیات اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر دونوں صوبوں کی پولیس کے درمیان مشترکہ تربیتی پروگرامز اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جب کہ اجلاس کے اختتام پر سندھ اور بلوچستان پولیس کے افسران نے ایک دوسرے کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔

متعلقہ خبریں