پاک فوج دفاع وطن کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات کے دوران عوامی خدمت میں بھی پیش پیش ہے، فوج نے ریکارڈ مدت میں عارضی پل تعمیرکر کے گلگت جگلوٹ اسکردو روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا ہے۔
پاک فوج کی انجینئرز کور نے سسی حراموش کے مقام پرتباہ شدہ پل کی جگہ محض 6 دن کی انتھک محنت کے بعد عارضی پل تعمیر کردیا، پل کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اسکردو اور بلتستان کا پاکستان کے دیگرعلاقوں سے زمینی رابطہ مکمل طور پر بحال ہوگیا۔
حالیہ شدید بارشوں اورسیلابی ریلے کے باعث پل بہہ جانے سے شاہراہِ بلتستان پر آمدورفت مکمل طور پر معطل ہوگئی تھی، پل بہہ جانے سے مقامی آبادی، مسافروں، سیاحوں اور مال بردار گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
گلگت جگلوٹ اسکردو روڈ پر پانی کے تیز بہاؤ اور خراب موسمی حالات میں عارضی پل کی تعمیر ایک نہایت دشوار انجینئرنگ چیلنج تھا۔
پاک فوج ایف سی این اے انجنیئرز کور کے افسران اور جوانوں نے شب وروز مسلسل محنت کر کے پل کی تعمیر مکمل کی، جگلوٹ اسکردو شاہراہ پر ٹریفک بحال ہونے سے تجارتی سرگرمیاں اور اشیائے خورونوش کی ترسیل بھی دوبارہ معمول پرآگئی۔
اس بروقت اقدام پر مقامی افراد، سیاحوں اور تاجروں نے پاک فوج کی خدمات کو بھرپور سراہتے ہوئے اظہار تشکر کیا، قدرتی آفات کے دوران پاک فوج متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں کے لیے ہمیشہ پیش پیش اور پُرعزم رہتی ہے۔

















