Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک میں مزید بارشوں کے حوالے محکمہ موسمیات کی نئی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں پر کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ موجود ہے، جبکہ بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ان علاقوں کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔ ملک کے دیگر بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ رات کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح وزیرستان، کوہاٹ، پاراچنار، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پنجاب میں لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، نارووال، چکوال، اٹک، جہلم، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، سرگودھا، فیصل آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ صوبے کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور حبس برقرار رہے گا۔ کراچی اور گردونواح میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

ادھر بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا جبکہ وسطی اور جنوبی اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ تاہم ژوب، موسیٰ خیل اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔