Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سعودی عرب نے پاکستان کے 5 ارب ڈالر قرض کا رول اوور 3 سال کے لیے بڑھادیا

اس فیصلے سے پاکستان پر فوری بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم ہوجائے گا، اسٹیٹ بینک

اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کے 5 ارب ڈالر قرض کے رول اوور میں مزید 3 سال کی توسیع کردی۔

اسٹیٹ بینک حکام کے مطابق اس فیصلے سے پاکستان پر فوری بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ کم ہوجائے گا جب کہ ملک کی بیرونی مالی ضروریات بھی کم ہوکر 21.5 ارب ڈالر رہ گئی ہیں۔

اسٹیٹ بینک حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کے پاس سعودی عرب کے 8 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس موجود ہیں جب کہ رواں سال اپریل میں سعودی عرب سے مزید 3 ارب ڈالر کے نئے ڈیپازٹس موصول ہوئے تھے۔

حکام نے بتایا کہ غیرملکی قرضوں پر سود کی ادائیگی میں تقریباً نصف ارب ڈالر کی کمی آئی ہے جب کہ جولائی کے دوران پاکستان 2.2 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے واپس کرچکا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے یہ بھی بتایا کہ چین سے 1.3 ارب ڈالر قرض کی ری فنانسنگ بھی اگلے ماہ متوقع ہے جس سے بیرونی مالیاتی صورتحال کو مزید سہارا ملنے کی توقع ہے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران اوپن مارکیٹ سے 9 ارب ڈالر خریدے گئے جب کہ دسمبر 2026 تک زرمبادلہ کے ذخائر 20.2 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں