پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صائمہ نور اپنی شاندار فٹنس ٹرانسفارمیشن اور بھرپور توانائی کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں 58 سالہ اداکارہ کو اسکواٹس، کیٹل بیل سوئنگز اور دیگر سخت جسمانی ورزشیں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ان کی فٹنس، طاقت اور اسٹیمنا نے مداحوں کو متاثر کر دیا جبکہ صارفین ان کے متحرک اور صحت مند طرزِ زندگی کو خوب سراہ رہے ہیں۔
دیگر وائرل ویڈیوز میں صائمہ نور ایک سیلون میں بھی نظر آئیں جہاں ان کے وزن میں نمایاں کمی واضح دکھائی دی۔ مداحوں نے انہیں “ایور گرین” قرار دیتے ہوئے ان کی جوان اور توانا شخصیت کی تعریف کی جبکہ بعض صارفین نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ ویڈیوز اتنی متاثر کن ہیں کہ پہلی نظر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ محسوس ہوتی ہیں۔
View this post on Instagram
اسی دوران صائمہ نور کے پرانے انٹرویو کلپس بھی دوبارہ وائرل ہوگئے جن میں انہوں نے اپنی فٹنس، خوراک اور صحت مند طرزِ زندگی کے حوالے سے تفصیل سے بات کی تھی۔
اداکارہ نے بتایا تھا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہیں محسوس ہوا کہ ان کا وزن بڑھ رہا ہے جس کے بعد انہوں نے اپنی روزمرہ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا۔
صائمہ نور کے مطابق وہ کسی سخت یا پیچیدہ ڈائٹ کی پابند نہیں بلکہ متوازن غذا محدود مقدار میں کھاتی ہیں اور انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ کو اپنی روزمرہ عادت بنا چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ باقاعدگی سے ورزش، ذہنی سکون اور نظم و ضبط پر مبنی طرزِ زندگی نے نہ صرف ان کی فٹنس اور توانائی بحال کی بلکہ انہیں صحت مند، چاق و چوبند اور تروتازہ رہنے میں بھی مدد دی۔


















