خیبرپختونخوا میں گزشتہ 2ماہ کے دوران آپریشن 11 گرج کے تحت سیکیورٹی فورسز کی مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن 11 گرج کے دوران سیکیورٹی فورسز نے متعدد خوارج کو جہنم واصل کیا اور ان کے ٹھکانے بھی تباہ کیے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے سہولت کاروں کوبھی پکڑا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ باجوڑ کے علاقے شاکرو میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، باجوڑ میں کامیاب آپریشنز کے دوران متعدد خوارج کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن 11 گرج کے دوران خوارجین کے زیرِ استعمال دیسی ساختہ بموں کو بھی تباہ کیا زمینی اور کوارڈ کاپٹر کی مدد سے کی جانے والی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کو مقامی آبادی سے بھاگنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کارروائیوں میں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ رہے اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خیبرپختونخوا میں دیرپا امن کے قیام تک بلا تعطل اپنی کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔
















