پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھی گئی جہاں ہنڈریڈ انڈیکس 2105 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 178200 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
کاروباری دن کے دوران سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی جبکہ مجموعی طور پر مارکیٹ میں 33 ارب روپے مالیت کے 78 کروڑ 53 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔
اسٹاک مارکیٹ میں آج 563 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 305 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 152 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 176094 پوائنٹس پر بند ہوا تھا تاہم آج مارکیٹ میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔
ماہرین کے مطابق امریکا ایران کشیدگی میں کمی، عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی، سعودی ڈپازٹ رول اوور اور کم قیمتوں پر سرمایہ کاری نے مارکیٹ میں تیزی کو تقویت دی، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔



















