Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایم کیو ایم بہادرآباد مرکز سیل کرنے کا معاملہ، شبیر قائم خانی کا ردعمل سامنے آ گیا

فی الحال بہادرآباد مرکز کو سیل نہیں کیا گیا اور دفتر معمول کے مطابق موجود ہے

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد کو سیل کرنے کے لیے پولیس کی آمد کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی، تاہم پارٹی رہنماؤں نے پولیس اہلکاروں کو دفتر سیل کرنے سے روک دیا۔

ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پولیس حکام کی جانب سے دفتر بند کرنے کے حوالے سے کوئی تحریری حکم یا نوٹیفکیشن فراہم نہیں کیا گیا، اس لیے کارروائی کا جواز واضح نہیں۔

رہنما ایم کیو ایم شبیر قائم خانی کے مطابق ایک گھنٹہ قبل نیو ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او بہادرآباد آئے تھے اور انہوں نے بتایا کہ افسران کی ہدایت پر دفتر کو تالا لگانا ہے۔

شبیر قائم خانی نے کہا کہ ہم نے پولیس سے کہا کہ اگر دفتر سیل کرنے کا کوئی آرڈر موجود ہے تو وہ دکھایا جائے تاہم اب تک کوئی لیٹر فراہم نہیں کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال بہادرآباد مرکز کو سیل نہیں کیا گیا اور دفتر معمول کے مطابق موجود ہے۔

دوسری جانب پولیس نے اتوار کو بہادرآباد مرکز کے باہر فائرنگ کے واقعے میں کارروائی کرتے ہوئے خالد مقبول گروپ سے تعلق رکھنے والے سوسائٹی سیکٹر انچارج ذیشان حبیب کو گرفتار کرلیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس کارروائی اور ایم کیو ایم مرکز کے حوالے سے صورتحال پر سیاسی حلقوں کی نظریں مرکوز ہیں۔

متعلقہ خبریں