شہر قائد میں حضرت امام حسینؑ کے چہلم کے مرکزی جلوس کے سلسلے میں ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے، جس کے تحت جلوس کے روٹ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مختلف راستوں پر تبدیلیاں کی جائیں گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق چہلم امام حسینؑ کا مرکزی جلوس صبح مارٹن روڈ امام بارگاہ سے روانہ ہو کر نشتر پارک پہنچے گا، جہاں مرکزی مجلس منعقد کی جائے گی۔ بعد ازاں جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔
مرکزی جلوس نشتر پارک، سر شاہنواز بھٹو روڈ، فادر جیمس روڈ، محفل شاہ خراساں، ایم اے جناح روڈ اور مینسفیلڈ اسٹریٹ سے ہوتا ہوا پریڈی اسٹریٹ پہنچے گا، جس کے بعد دوبارہ ایم اے جناح روڈ سے گزر کر امام بارگاہ حسینیہ ایرانیہ پر اختتام پذیر ہوگا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹس کریں گے، جبکہ جلوس کے روٹ پر سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پلان کے مطابق جلوس برآمد ہوتے ہی سولجر بازار، کوسٹ گارڈز اور انکل یاسر چوک سے آنے والی ٹریفک کو جوبلی کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ:
ناظم آباد سے آنے والی ٹریفک لسبیلہ، نشتر روڈ اور گارڈن کی جانب بھیجی جائے گی۔
لیاقت آباد سے آنے والی ٹریفک ڈاکخانہ، پرانی سبزی منڈی اور یونیورسٹی روڈ کا راستہ اختیار کرے گی۔
اسٹیڈیم سے آنے والے شہری نیو ایم اے جناح روڈ، کشمیر روڈ، شارع قائدین اور شارع فیصل استعمال کر سکیں گے۔
نیشنل ہائی وے سے شہر آنے والی ٹریفک راشد منہاس روڈ، اسٹیڈیم روڈ، حسن اسکوائر اور سائٹ کا راستہ اختیار کر سکتی ہے۔
ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ گرو مندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر کسی بھی قسم کی چھوٹی یا بڑی ٹریفک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سفر کے دوران متبادل راستے اختیار کریں اور ٹریفک پولیس کے اہلکاروں سے تعاون کریں۔















