کچھ بڑا کام کرنے کا جذبہ زندہ ہوتو پھر عمر رکاوٹ نہیں بنتی، ایسا ہی ایک منفرد کارنامہ برطانیہ کی عمر رسیدہ خاتون نے انجام دے کر اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑدیا۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والی 97 سالہ بیٹی برومیج نے وِنگ واکنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا ہی گنیز ورلڈ ریکارڈ بہتر بنا لیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ فالج ہونے کے صرف ایک سال بعد انجام دیا۔
ونگ واکنگ ایک ایسا سنسنی خیز عمل ہے جس میں اڑتے ہوئے دو پروں والے جہاز کے پروں پر کھڑے ہوکر حرکت یا کرتب دکھائے جاتے ہیں۔

چیلٹنہم کی رہائشی بیٹی برومیج نے منگل کے روز اپنی عمر 97 سال اور 127 دن ہونے پر، انگلینڈ کے آر ایف سی رینڈکومب ایئر فیلڈ میں وِنگ واکنگ کی۔ اس کامیاب مہم کے بعد وہ ایک بار پھر دنیا کی معمر ترین خاتون وِنگ واکر قرار پائیں۔
بیٹی برومیج 87 سال کی عمر سے اب تک مجموعی طور پر چھ مرتبہ وِنگ واکنگ کر چکی ہیں۔ انہوں نے پہلی بار 2022 میں 93 برس کی عمر میں معمر ترین خاتون وِنگ واکر کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا جسے اب انہوں نے خود ہی مزید بہتر بنا دیا ہے۔
View this post on Instagram
بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بیٹی برومیج نے کہا، “اگر میں یہ سب نہ کروں تو زندگی بور ہو جائے گی۔ میں نہ گاڑی چلا سکتی ہوں، نہ اچھی طرح دیکھ سکتی ہوں، اور اس وجہ سے کبھی کبھی مایوسی ہوتی ہے۔ اسی لیے میں وہ کام کرنا چاہتی ہوں جو اب بھی کر سکتی ہوں۔”
بیٹی برومیج اگست 2025 میں فالج کا شکار ہوئی تھیں جس کے اثرات اب بھی ان کی گفتگو پر موجود ہیں۔ انہوں نے اپنی حالیہ وِنگ واکنگ مہم کے ذریعے چیلٹنہم جنرل اسپتال کے اسٹروک یونٹ کے لیے عطیات بھی جمع کیے جہاں گزشتہ برس ان کا علاج کیا گیا تھا۔




















