کراچی: ایدھی ہوم سہراب گوٹھ کی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلح ڈاکو ایدھی سینٹر پر ملازمین سے 65 لاکھ روپے لوٹ کر لے گئے ہیں۔
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ پر قائم ایدھی ہوم پر ڈکیتی کی واردات ہوئی جس دوران انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ مسلح ڈاکو ملازمین سے 65 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوئے۔
انتطامیہ کا کہنا ہے کہ آج تنخواہوں کا دن تھا، ملازمین میں تنخواہ تقسیم ہونا تھی۔ بینک سے رقم نکال کر لائی گئی تھی جب کہ چار ڈاکو تعاقب کرتے ہوئے پہنچے۔ ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر عمران اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی ہے۔
سعد ایدھی کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ کوئی موجودہ یا سابقہ ملازم واردات میں ملوث ہے، ڈاکو اس ہی دفتر میں آئے جہاں رقم موجود ہوتی ہے۔
سعد ایدھی کہتے ہیں کہ ہمارے یہاں جیسے ہی رقم پہنچتی ہے تو کچھ ہی دیر میں تقسیم کا مرحلہ شروع ہوتا ہے، شبہ ہے ڈاکو ساری صورتحال سے واقف تھے اس لئے رقم پہنچتے ہی آگئے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس حکام واقعے سے متعلق تحقیقات کررہے ہیں، ایدھی ہوم سہراب گوٹھ کراچی کا بڑا مرکز ہے جہاں بڑا سرد خانہ بھی قائم ہے جب کہ ماضی میں ایدھی ہوم کھارادر میں بھی ڈکیتی کی بڑی واردات ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ایدھی ہوم سہراب گوٹھ میں ڈکیتی کی واردات کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ویسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے میں ملوث مسلح ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیج، جیو فینسنگ اور انٹیلی جنس ذرائع سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔


















