لندن: انگلینڈ کے 25 سالہ فاسٹ بولر جان ٹرنر نے مسلسل کمر کی انجری کے باعث کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
جان ٹرنر نے 2024 میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے چار بین الاقوامی میچ کھیلے تھے تاہم طویل عرصے تک انجری کے باعث میدان سے دور رہنے کے بعد انہوں نے کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا۔
جان ٹرنر نے اپنے بیان میں کہا کہ پیشہ ورانہ اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا ان کا بچپن کا خواب تھا جسے پورا کرنا ان کی زندگی کا سب سے یادگار تجربہ رہا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے کمر میں اسٹریس فریکچر کے باعث وہ کرکٹ سے دور تھے جب کہ بار بار انجری کا شکار ہونے کی وجہ سے انہیں اپنے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ان کی زندگی کے مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہے تاہم اب وہ زندگی میں نئے سفر کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
جان ٹرنر کے مطابق کاؤنٹی ٹیم کے ساتھ گزارے گئے پانچ برس ان کی زندگی کے بہترین ایام رہے، جہاں انہیں بھرپور اعتماد، تعاون اور حوصلہ افزائی ملی۔
جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں پیدا ہونے والے جان ٹرنر نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد 2021 میں کاؤنٹی کرکٹ کا آغاز کیا۔
عمدہ کارکردگی کی بدولت انہیں 2023 میں پہلی بار انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا جب کہ 2024 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلتے ہوئے انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
کاؤنٹی کلب کے کرکٹ ڈائریکٹر نے جان ٹرنر کی ریٹائرمنٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک کرکٹر تھے، جنہوں نے کلب اور انگلینڈ دونوں کے لیے بھرپور خدمات انجام دیں اور ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



















