Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی صدر ٹرمپ کا درآمدی ڈرونز پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

چھوٹے ڈرونز کی درآمد پر 25 فیصد ٹیرف لاگو ہوگا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں درآمد کیے جانے والے بعض بغیر پائلٹ ڈرونز اور ان کے پرزہ جات پر 100 فیصد تک اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

وائٹ ہاؤس کے بیان کے مطابق یہ فیصلہ قومی سلامتی کے خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ نئے تجارتی اقدامات کا مقصد ڈرونز اور ان سے متعلقہ پرزہ جات کی مقامی پیداوار کو فروغ دینا اور غیر ملکی سپلائی چینز پر انحصار کم کرنا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 25 کلوگرام سے زائد وزن رکھنے والے بعض ڈرون سسٹمز جن میں تھرمل امیجرز اور ڈاکنگ اسٹیشنز جیسی جدید صلاحیتیں موجود ہیں، ان کی درآمد پر 100 فیصد تک ٹیرف عائد کیا جائے گا۔

چھوٹے ڈرونز کی درآمد پر 25 فیصد ٹیرف لاگو ہوگا جبکہ زیادہ تر نئے محصولات 3 ستمبر سے نافذ العمل ہوں گے۔

امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ نئے ٹیرف کے ذریعے ڈرونز کی مقامی مینوفیکچرنگ میں اضافہ، قومی سلامتی کا تحفظ اور بیرونی ممالک پر تجارتی انحصار کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چین نے گزشتہ ہفتے امریکا کو ڈرونز کی برآمدات کے حوالے سے نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔

چین نے واشنگٹن کی جانب سے جبری مشقت اور قومی سلامتی کے خدشات کے تحت عائد تجارتی پابندیوں کے ردعمل میں 6 کمپنیوں کو بلیک لسٹ بھی کیا تھا۔

امریکی حکومت کی جانب سے چین سمیت 59 دیگر ممالک پر نئے ٹیرف عائد کیے جانے کے چند روز بعد ڈرونز سے متعلق یہ اضافی تجارتی اقدام سامنے آیا ہے۔

متعلقہ خبریں