Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستانی طلبہ کے لیے گوگل جیمنائی کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن کا اعلان

10 برس کے دوران گوگل نے پاکستان کے مقامی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمی میں کردار ادا کیا

 گوگل نے پاکستان کے طلبہ کے لیے مصنوعی ذہانت کے ٹول گوگل جیمنائی کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ کے مطابق اس اقدام کا باضابطہ اعلان رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز پاکستان میں گوگل کے دفتر کا افتتاح کیا۔ گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے پاکستان میں کمپنی کی سرگرمیوں اور مستقبل کے امکانات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا ہدف گوگل کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔

ولسن وائٹ کے مطابق گزشتہ 10 برس کے دوران گوگل نے پاکستان کے مقامی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمی میں کردار ادا کیا جبکہ اس کے نتیجے میں 9 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ملازمتوں کو سہارا ملا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کی سرگرمیوں کا یہ صرف آغاز ہے اور کمپنی مستقبل میں ملک کے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبے میں مزید کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ اور ان کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنی نوجوانوں اور ملک کے ٹیکنالوجی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

وزیر اعظم نے پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون پاکستانی نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔