ایک روبک کیوب کے شوقین نوجوان نے اپنی زندگی کی پہلی اسکائی ڈائیونگ کے دوران فضا میں دو روبک کیوب حل کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
24 سالہ ایشان ہڈکر جو 10 سال کی عمر سے پزل کیوب حل کرنے کا شوق رکھتے ہیں نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اوشن سائیڈ کے اوپر پہلی بار اسکائی ڈائیونگ کی۔ وہ ایک ہی اسکائی ڈائیو کے دوران سب سے زیادہ گھومنے والے پزل کیوب حل کرنے کا عالمی ریکارڈ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔
ایشان ہڈکر کے مطابق ان کی پہلی کوشش ناکام ہو گئی کیونکہ فری فال کے دوران ان کے ایک روبک کیوب کا ایک حصہ ٹوٹ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں اسکائی ڈائیونگ کا کوئی سابقہ تجربہ نہیں تھا اور وہ اس بات سے بھی ناواقف تھے کہ اس تجربے کے دوران کیا صورتحال پیش آ سکتی ہے۔
تاہم ناکامی کے باوجود ایشان نے ہمت نہ ہاری اور فوری طور پر دوسری کوشش کے لیے دوبارہ طیارے میں سوار ہو گئے۔
دوسری کوشش میں انہوں نے 13 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی اور زمین پر پہنچنے سے قبل کامیابی کے ساتھ دو روبک کیوب حل کر لیے جس کے ساتھ ہی انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
ایشان کا کہنا تھا کہ تیز ہواؤں، ابر آلود موسم اور فری فال کے دوران تقریباً 120 میل فی گھنٹہ کی رفتار کے باوجود یہ چیلنج انتہائی مشکل تھا۔ ان کے مطابق انہوں نے وہی طریقۂ کار اپنایا جو زمین پر کیوب حل کرتے وقت استعمال کرتے ہیں تاہم شدید ہوا کے دباؤ کے باعث انہیں کیوب کو معمول سے کہیں زیادہ مضبوطی سے پکڑنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلا روبک کیوب فری فال کے دوران جبکہ دوسرا پیراشوٹ کھلنے کے بعد حل کیا جس کے نتیجے میں وہ یہ منفرد عالمی اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔




















